ایران کی نئی پیشکش ناکافی، جنگ دوبارہ شروع ہونے کا خدشہ برقرار ہے: امریکی عہدیدار کا دعویٰ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) ایک سینئر امریکی عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے پیش کی گئی نئی تجویز ناکافی ہے اور اس سے خطے میں دوبارہ کشیدگی یا جنگ کے خطرات برقرار رہ سکتے ہیں۔
امریکی عہدیدار کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کی بنیادی شرائط پر براہِ راست مذاکرات نہیں ہو رہے، تاہم دونوں ممالک بالواسطہ رابطوں کے ذریعے اس بات پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ مذاکرات کا آئندہ طریقہ کار کیا ہوگا۔
عہدیدار نے کہا کہ اگرچہ ایران کی نئی جوابی پیشکش میں صرف معمولی تبدیلیاں کی گئی ہیں، لیکن اس حقیقت سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران ممکنہ امریکی فوجی کارروائیوں کے خدشات سے پریشان ہے۔
دوسری جانب ایران کا مؤقف طویل عرصے سے یہ رہا ہے کہ امریکی صدر معاہدے کے زیادہ خواہش مند ہیں اور وقت ایران کے حق میں ہے۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ "وقت تیزی سے گزر رہا ہے" اور اگر ایران نے لچک کا مظاہرہ نہ کیا تو اسے پہلے سے زیادہ سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔