نواب ٹاؤن:گھر میں سوا کروڑ کی چوری، ملازمہ والدہ سمیت گرفتار
غلام مرتضیٰ اہلخانہ کے ہمراہ منڈی گیا ہوا تھا، ملازمہ نے واردات کر دی:پولیس دیگر علاقوں میں 5افراد کو لوٹ لیا گیا، ایک گاڑی اور 3موٹرسائیکلیں بھی غائب
لاہور(کرائم رپورٹر)نواب ٹاؤن میں گھر سے ملازمہ سوا کروڑ مالیتی زیورات، نقدی و دیگر سامان چوری کر کے فرار ،پولیس نے ملزمہ کو والدہ سمیت گرفتارکر لیا ۔تفصیلات کے مطابق نواب ٹاؤن کا رہائشی غلام مرتضیٰ اہلخانہ کے ہمراہ قربانی کیلئے جانور خریدنے مویشی منڈی گیا ہوا تھا کہ ان کی غیر موجودگی میں گھریلو ملازمہ مبینہ طور پر گھر سے ایک کروڑ 25 لاکھ روپے مالیتی 25 تولے سونا،ملکی و غیر ملکی کرنسی اور دیگر سامان چوری کر کے فرار ہو گئی ۔
پولیس کے مطابق گھریلو ملازمہ نے اپنی والدہ کے ساتھ مل کر واردات کی تھی ،ملزمہ کو اسکی والدہ سمیت رینالہ خورد سے گرفتار کر کے مال برآمد کر لیا ہے ۔دریں اثنا نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے سبزہ زار میں اقدس سے 3لاکھ روپے اور موبا ئل فون، لاری اڈا میں فاخر سے اڑھائی لاکھ روپے اور موبائل فون، ملت پارک میں ساجد سے 2لاکھ 35ہزار اور موبائل، باغبانپورہ میں ریاض سے 2لاکھ اور موبائل ، گرین ٹاؤن میں نعیم سے 2لاکھ اور موبائل فون لوٹ لیا ۔دریں اثنا نامعلوم افراد لیاقت آباد سے جواد کی گاڑی جبکہ اسلام پورہ میں امانت ، کاہنہ سے یا سین اور لوہاری سے نواز کی موٹرسائیکلیں چوری کرکے لے گئے ۔