گوشت کا قیمہ کرانے کی اجرت مانگنے پر دکاندار قتل
کھیالی کے علاقہ میں عبداللہ نے فائرنگ کر کے بلال کو موت کے گھاٹ اتارا
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)تھانہ کھیالی کے علاقہ میں گوشت کا قیمہ کر انے کی اجرت مانگنے پر فائرنگ سے دکاندار جاں بحق ہو گیا ،ملزم کوگرفتار کر لیا گیا ۔بتایا گیا ہے کہ گلشن رحمن کالونی میں قربانی کے گوشت کا قیمہ کر انے کے پیسے مانگنے پر عبداللہ نے فائرنگ کر کے دکاندار بلال کو قتل کر دیا ۔پولیس کے مطابق گلشن رحمن کالونی میں مقتول بلال نے قیمہ بنانے کی مشین لگا رکھی تھی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم عبداللہ گوشت قیمہ کر انے کے لیے آیا اور اجرت ادا کیے بغیر وہاں سے چلا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ دکاندار بلال رقم کی ادائیگی کے حوالے سے شکایت کرنے کیلئے ملزم کے گھر گیا جہاں دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ اس دوران ملزم عبداللہ طیش میں آ گیا اور اس نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں بلال شدید زخمی ہو گیا ، زخمی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کرلئے اورملزم عبداللہ کو گرفتار کر لیا ۔