پاکستان کی پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا کو شکست

پاکستان کی پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا کو شکست

کینگروز کا 201رنزکاہدف قومی ٹیم نے 42.3 اوورز میں 5وکٹ پر پورا کیا،بابر 69،غازی غوری65رنزبناکرنمایاں رہے آسٹریلیا کے 6 بیٹرز ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے، 4کھلاڑی بغیر کھاتہ کھولے پویلین واپس لوٹے،عرفات منہاس مین آف دی میچ قرار

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک، صفر سے برتری حاصل کر لی۔ راولپنڈی سٹیڈیم میں تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر مہمان آسٹریلوی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور کینگروز کو 44.1 اوورز میں 200 رنز پر ڈھیر کر دیا، پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنیوالے عرفات منہاس نے صرف 32 رنز دے کر آدھی مہمان ٹیم آؤٹ کر دی۔ آسٹریلیا کی جانب سے میٹ رینشا 61، میتھیو شارٹ 55، کوہنیمین 24 اور ایلکس کیری 19 رنز بنا کر نمایاں سکورر رہے ۔ آسٹریلیا کے 6 بیٹرز ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے جبکہ 4کھلاڑی بغیر کھاتہ کھولے پویلین واپس لوٹے ۔

پاکستان کی جانب سے عرفات منہان نے 5، ابرار احمد نے 2 جبکہ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور سلمان آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف 42.3 اوورز میں پورا کر لیا۔گرین شرٹس کی جانب سے اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے کیا، تاہم معاذ صداقت 25 کے مجموعی سکور پر 8 جبکہ صاحبزادہ فرحان 49 کے سکور پر 28 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔ اس کے بعد بابراعظم اور وکٹ کیپر بلے باز غازی غوری نے سکور آہستہ آہستہ آگے بڑھایا، اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 127 رنز بنائے ۔ بابراعظم 176 کے مجموعی سکور پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 69 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، اس کے بعد عرفات منہاس آئے ۔ غازی غوری 185 کے سکور پر 8 چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے ۔ سلمان آغا 6 رنز بنا سکے ۔ عرفات منہاس 18 اور عبدالصمد ایک رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایلس نے 2 جبکہ تنویر اور کوہنیمین نے ایک، ایک حاصل کی۔ عرفات منہاس پلیئر آف دی میچ قرار پائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں