کوٹ رادھاکشن :ٹرک کی ٹکر سکوٹی سوار ماں بیٹی جاں بحق
قصور(نمائندہ دنیا)قصور میں کوٹ رادھاکشن کے نواحی علاقہ چلر کے قریب ٹرک کی ٹکر کے نتیجے میں ماں اپنی 3سالہ بیٹی سمیت جاں بحق، دیگر 3خواتین شدید زخمی ہوگئیں۔
ریسکیوحکام کے مطابق سکوٹی پر 4 خواتین اور ایک بچی سوار تھیں جو کوٹ رادھاکشن کی جانب جا رہی تھیں کہ مخالف سمت سے آنے والے خالی ٹرک کیساتھ تصادم ہو گیا، حادثے کے باعث ٹرک الٹ گیاجبکہ 25 سالہ سدرہ زوجہ رضوان اور اسکی 3 سالہ بیٹی حریم رضوان موقع پرہی دم توڑ گئیں جبکہ گڈو بی بی، چھیماں بی بی اور مقبولاں بی بی زخمی ہوئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ رادھا کشن منتقل کر دیا جبکہ جاں بحق ماں بیٹی کی لاشیں لواحقین کے سپرد کر دی گئیں۔