رفاہی پلاٹوں پر قائم 20 گھر،ایک زیر تعمیر پلازہ سیل

رفاہی پلاٹوں پر قائم 20 گھر،ایک زیر تعمیر پلازہ سیل

لیاری ایکسپریس وے ری سیٹلمنٹ منصوبہ میں بے ضابطگی پر نیب ، انتظامیہ کی کارروائی شہریوں کو جعلی فائلیں فروخت کرکے مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر رقم وصول کی گئی، نیب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیاری ایکسپریس وے ری سیٹلمنٹ پراجیکٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے دوران نیب کراچی اور ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے رفاہی پلاٹوں پر قائم 20 گھروں اور ایک زیر تعمیر پلازہ کو سیل کردیا۔ نیب حکام کے مطابق لیاری ایکسپریس وے ری سیٹلمنٹ پراجیکٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ سرکاری افسران اور دیگر ملزموں نے منصوبے کے رفاہی پلاٹس کی جعلی فائلیں تیار کرکے شہریوں کو فروخت کیں۔ نیب کراچی کی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے رفاہی پلاٹوں پر قائم گھروں اور زیر تعمیر پلازہ پر نیب کی سیل لگا دیں۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ جعلی فائلیں شہریوں کو فروخت کرکے مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر رقم وصول کی گئی، جبکہ فراڈ  سے حاصل ہونے والی رقم سے ضلع ٹھٹھہ میں 25 ایکڑ اراضی خریدی گئی۔ نیب حکام کے مطابق ٹھٹھہ میں خریدی گئی 25 ایکڑ اراضی پر ہاؤسنگ اسکیم بنانے کے ذریعے مبینہ طور پر فراڈ سے حاصل شدہ رقم کو قانونی بنانے کی کوشش کی جارہی تھی۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ لیاری ایکسپریس وے ری سیٹلمنٹ پراجیکٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق تحقیقات جاری ہیں، جبکہ معاملے میں مزید شواہد اور ریکارڈ بھی اکٹھا کیا جا رہا ہے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...