حویلی لکھا:معمولی رنجش پر چھریاں مارکر 2 دوست قتل

حویلی لکھا:معمولی رنجش پر چھریاں مارکر 2 دوست قتل

بلال ،شرجیل سے ملزموں حمید وغیرہ کی تلخ کلامی ہوئی تھی،1ملزم گرفتار کاہنہ میں نشئی باپ نے بیوی اور 3بیٹیوں کو چھریاں مارکر شدید زخمی کردیا

حویلی لکھا، اوکاڑہ ، دیپالپور، کاہنہ(نامہ نگار،خبرنگار، تحصیل رپورٹر، نمائندہ دنیا)اوکاڑہ کے قصبہ حویلی لکھاکمیٹی پارک کے قریب معمولی تلخ کلامی کی رنجش پر 2 نوجوان دوستوں کو چھریوں کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا گیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ایک مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ایف آئی آر  کے مطابق دو دوست بلال احمد اور شرجیل حویلی لکھا کمیٹی پارک کے قریب آئس کریم شاپ پر بیٹھے تھے کہ حمیداﷲخان، طارق، شکیل احمد اور دو نامعلوم ساتھی وہاں پہنچ گئے جنہوں نے دو روز قبل ہونے والی تلخ کلامی کی رنجش پر دونوں پر چھریوں سے حملہ کر کے شدید زخمی کردیا۔

دونوں دوست لہولہان ہوکر زمین پر گر پڑے ، ملزم موقع سے فرار ہو گئے ،دونوں شدید زخمی دوستوں کو تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال حویلی لکھا منتقل کیا گیا، جہاں سے تشویشناک حالت کے باعث ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال اوکاڑہ ریفر کیا گیا مگر دونوں راستے میں ہی دم توڑ گئے ، دوہرے قتل کی واردات پر ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی،پولیس اور فرانزک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے ۔ پولیس نے مقتول بلال کے والد ندیم احمد کی مدعیت میں ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر کے سائنسی بنیادوں پر تفتیش شروع کر دی۔

پولیس کے مطابق ایک مرکزی ملزم حمیداللہ کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دیگر ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ادھر کاہنہ میں نشئی باپ نے نشے کیلئے پیسے نہ دینے پر بیوی اور 3 بیٹیوں کو چھریوں کے وار سے شدید زخمی کر دیا۔ پولیس نے 15 کی کال پر رسپانس کرتے ہوئے ملزم عرفان کو گرفتار کر لیا ۔ ملزم عرفان نشے کا عادی ہے ۔بیوی نے ملزم کو نشے کیلئے پیسے دینے سے منع کیا تھا ، ملزم نے طیش میں آکر چھریوں کے وار سے بیوی سمیت 3 بیٹیوں کو زخمی کر دیا۔ تینوں زخمی بیوی فوزیہ، 18 سالہ کبیرہ، 15 سالہ کنزہ اور 12 سالہ عالیہ کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرکے انویسٹی گیشن کے حوالے کر دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...