مختلف واقعات میں 2 کمسن بھائیوں سمیت 4افراد ڈوب کر جاں بحق
نارنگ منڈی میں لاہور سے ننھیال آئے دونوں بھائی برساتی پانی میں نہا رہے تھے بہن کو بچا لیا گیا، رائیونڈ سٹی میں 2سالہ بچی کھیلتی ہوئی نالہ میں جا گری، لاش برآمد
نارنگ منڈی،کالا شاہ کاکو ،مریدکے ،لاہور(نمائندہ دنیا،نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں )برساتی پانی اور نالہ میں ڈوبنے کے مختلف واقعات میں 2 کمسن بھائیوں سمیت 4افراد جاں بحق ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق کے نارنگ منڈی میں نارووال روڈ کی آبادی کوٹ عبداللہ میں لاہور کے علاقہ مغلپورہ کا رہائشی ایک خاندان چھٹیاں گزارنے ننھیال آیا ہوا تھا، گزشتہ روز ان کے تین بچے 7 سالہ عبداﷲاور 9 سالہ مستقیم اور 10سالہ بہن گھر کے قریبی خالی پلاٹ میں کھڑے برساتی پانی میں نہانے لگ گئے ، اسی دوران پانی کی گہرائی زیادہ ہونے کے باعث دونوں بھائی ڈوب گئے جبکہ بہن کے شور مچانے پر قریبی افراد فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اورانہوں نے اسے ڈوبنے سے بچا لیا جبکہ دونوں بچوں کی لاشیں پانی سے نکال لیں ،واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ اہل خانہ غم سے نڈھال ہوگئے ۔علاوہ ازیں مریدکے میں نالہ ڈیک میں نامعلوم نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہو گیا، آخری اطلاعات تک متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی۔ادھر رائیونڈ سٹی کے علاقہ میں 2سالہ بچی کھیلتی ہوئی روہی نالہ میں جا گری اور ڈوب کر دم توڑ گئی ۔ ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کیلئے لاش پولیس کے حوالے کر دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments