نوابشاہ:بوچھیری چوک کے قریب حادثہ، 3 نوجوان جاں بحق
مہران ہائی وے پرٹریلر نے چنگ چی رکشہ کچل دیا، 2افراد کی شناخت انور اور تنویر کا خیرپور سے تعلق، تیز رفتاری کے باعث حادثہ پیش آیا
نواب شاہ (بیورو رپورٹ )مہرن ہائی وے پر بوچھیری چوک کے قریب تیز رفتار ٹریلر اور چنگ چی رکشے کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد لوڈر رکشے پر سوار تھے جسے ٹریلر نے کچل دیا، اور سبزی منڈی سے مزدوری کے بعد واپس اپنے گاؤں جا رہے تھے کہ بوچھیری چوک کے قریب تیز رفتار ٹرالر نے رکشے کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں تینوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے دو افراد کی شناخت 50 سالہ انور ولد واحد بخش خاصخیلی اور 25 سالہ تنویر ولد انور خاصخیلی کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کا تعلق گاؤں صالح خاصخیلی، تعلقہ کنگری، ضلع خیرپور سے بتایا جاتا ہے، جبکہ تیسرے جاں بحق شخص کی شناخت کا عمل جاری ہے ، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو پیپلز میڈیکل اسپتال نواب شاہ منتقل کر دیا، جہاں لاشیں ضروری کارروائی کے لیے رکھ دی گئی ہیں، پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ٹریلر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی تلاش شروع کر دی گئی ہے ، جبکہ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے جاں بحق افراد کے ورثاء کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments