سول جج کے گھر چھاپہ، حبس بے جا میں رکھی ماں بیٹی بازیاب
چوری کا مقدمہ درج تھا، شبہ میں غیر قانونی بند رکھا گیا، ڈسٹرکٹ جج نے کارروائی کی سول جج زین الرحمن کو او ایس ڈی بنا دیا گیا، ایس ایچ او جہانیاں راشد جٹ بھی کلوز لائن
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خانیوال میاں خالد سعید وٹو نے سول جج جہانیاں زین الرحمن کے گھر پر چھاپہ مار کر مبینہ طور پر حبس بے جا میں رکھی گئی ماں بیٹی کو بازیاب کرا لیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں کو چوری کے شبہ میں کئی روز سے گھر میں بند کر کے رکھا گیا تھا۔ واقعہ کی رپورٹ پر سول جج زین الرحمن کو او ایس ڈی بنا دیا گیا جبکہ ایس ایچ او تھانہ جہانیاں راشد جٹ کو بھی کلوز کردیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ چند روز قبل جہانیاں میں چوری کا واقعہ پیش آیا تھا جس کا مقدمہ تھانہ جہانیاں میں درج کیا گیا تھا، تاہم مبینہ طور پر قانونی کارروائی کے بجائے چوری کے شبہ میں ماں بیٹی کو سول جج کے گھر میں رکھا گیا۔ معاملہ سامنے آنے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خانیوال میاں خالد سعید وٹو نے سول جج کے گھر پر چھاپہ مار کر دونوں خواتین کو بازیاب کرا لیا۔ واقعہ کی رپورٹ اعلیٰ عدالتی حکام کو بھی بھجوائی گئی جس کے بعد سول جج جہانیاں زین الرحمن کو او ایس ڈی بنانے کے احکامات جاری کیے گئے جبکہ واقعہ میں مبینہ غفلت اورکوتاہی کے معاملے پر ایس ایچ او تھانہ جہانیاں راشد جٹ کو بھی کلوزکردیا گیا۔مزید قانونی و محکمانہ کارروائی جاری ہے جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ متاثرہ خواتین کے بیانات بھی اہم پیش رفت قرار دئیے جا رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments