لکی مروت میں جائیداد کے تنازع پر چار سوتیلے بھائی قتل
سبحان، عثمان،صاحب اللہ اور ان کے سوتیلے بھائی اشرف میں فائرنگ کا تبادلہ گولی لگنے سے والد میرصاحب خان بھی زخمی، لاشیں تدفین کیلئے ورثا کے حوالے
پشاور(اے پی پی)لکی مروت کے علاقے سلیمان خیل میں جائیداد کے تنازع پر ہونے والی لڑائی کے دوران چار سوتیلے بھائی جاں بحق اور ان کے والد گولی لگنے سے زخمی ہو گئے ۔ترجمان لکی مروت پولیس کے مطابق یہ واقعہ تھانہ تاجوڑی کی حدود میں پیش آیا، جہاں جائیداد کی ملکیت اور قبضے کے تنازع پر سوتیلے بھائیوں کے درمیان مبینہ طور پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد سبحان، عثمان غنی، صاحب اﷲ اور ان کے سوتیلے بھائی اشرف علی کے ناموں سے ہوئی ہے ۔ فائرنگ کے دوران ان کے والد میر صاحب خان بھی گولی لگنے سے زخمی ہوئے ۔پولیس عہدیدار نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کا سبب بننے والے حالات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، جبکہ جائیداد کے تنازع کی نوعیت اور واقعات کی ترتیب کے بارے میں مزید تفصیلات معلوم کی جا رہی ہیں۔
واقعے کے بعد پولیس اور مقامی رہائشیوں نے ہلاک شدگان کی لاشوں اور زخمی والد کو تاجوڑی قصبے کے ہسپتال منتقل کیا۔عہدیدار نے بتایا کہ طبی و قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاشیں تدفین کے لیے ورثاکے حوالے کر دی گئیں۔ایک مقامی رہائشی نے بتایا کہ اشرف علی نے حال ہی میں انٹرمیڈیٹ کا امتحان پاس کیا تھا، جبکہ عثمان غنی سکول میں چوکیدار کے طور پر کام کر رہے تھے ۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ عہدیدار نے مزید کہا کہ تحقیقات کے نتائج کی روشنی میں آئندہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments