تاندلیانوالہ:جوان لڑکی کے مبینہ قتل کا معمہ حل، والد گرفتار
ملزم نے مبینہ طور پر انعم کو نشہ آور چیز دے کر بے ہوش کیا ، گلا دبا کر قتل کیا
تاندلیانوالہ (نمائندہ دنیا)تھانہ سٹی پولیس نے 18 سالہ لڑکی انعم بی بی کے مبینہ اندھے قتل کا سراغ لگانے کا دعویٰ کرتے ہوئے مقتولہ کے حقیقی والد اظہر اقبال کو گرفتار کر لیا ہے ۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کی لاش ایک ویران کنویں سے برآمد ہوئی تھی، جس کے بعد واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔پولیس حکام کے مطابق تفتیش کے دوران شواہد اکٹھے کیے گئے اور مقتولہ کے اہل خانہ سمیت قریبی افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ ابتدائی تحقیقات میں مقتولہ کے والد اظہر اقبال پر شبہات ظاہر ہوئے ، جس کے بعد اسے حراست میں لے کر تفتیش کی گئی اور بعدازاں گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم کو اپنی بیٹی کے کسی لڑکے سے تعلقات کا شبہ تھا۔
جس پر وہ مبینہ طور پر مشتعل تھا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر انعم کو نشہ آور چیز دے کر بے ہوش کیا اور بعدازاں گلا دبا کر قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق واردات کے بعد لاش کو ویران کنویں میں پھینک دیا گیا تاکہ واقعے کو پراسرار موت کا رنگ دیا جا سکے ۔پولیس نے لاش برآمد ہونے کے بعد ضروری قانونی کارروائی مکمل کی اور مختلف شواہد کو تفتیش کا حصہ بنایا۔ حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے ۔واقعے اور گرفتاری کی خبر سامنے آنے پر علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کے تمام حقائق سامنے لائے جائیں اور جرم ثابت ہونے پر ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments