سعودی عرب :اسرائیلی خاتون کی تیمارداری ،ویڈیو وائرل
طب کا پیشہ قومیت دیکھتا ہے نہ سیاست ، یہ دریا دلی غلط جگہ دکھائی گئی، ملے جلے تبصرے
ریاض (اے ایف پی)اسرائیل جانے والی اماراتی پرواز جب ہنگامی حالت میں سعودی عرب میں اتری تو وہاں ایک ایسا منظر سامنے آیا جو دونوں ملکوں کے کشیدہ تعلقات کے تناظر میں غیرمعمولی تھا سعودی طبی کارکن نے اسرائیلی خاتون مسافر کا معائنہ کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز کے ایک پائلٹ کی جانب سے مبینہ طور پر طیارے کو گرانے اور تمام مسافروں کو ہلاک کرنے کی کوشش کے بعد اسے سعودی عرب کے شہر تبوک میں ہنگامی طور پر اتارا گیا تھا۔پرواز میں سوار 174 افراد میں سے بیشتر کے اسرائیلی شہری ہونے کا خیال ظاہر کیا گیا ہے ۔سعودی میڈیا، خصوصاً العربیہ کی جانب سے نشر کی گئی ویڈیو میں سیاہ نقاب پہنے ایک سعودی طبی کارکن کو بغیر آستین کی قمیص پہنے ایک خاتون مسافر کا بلڈ پریشر چیک کرتے اور ان سے گفتگو کرتے دیکھا جا سکتا ہے ۔اس منظر پر سوشل میڈیا صارفین نے مختلف ردعمل دیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ طب کا پیشہ نہ قومیت کو دیکھتا ہے نہ سیاست کو، کسی کا علاج کرنے کا مطلب اس کے نظریات کی حمایت نہیں بلکہ یہ ایک انسانی فریضہ ہے اور انسانی جان سب سے مقدم ہے ۔تاہم ایک سعودی صارف نے اس اقدام پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ یہ دریا دلی غلط جگہ دکھائی گئی۔دوسری جانب سعودی عرب نے مسافروں کو واپس اسرائیل لے جانے کے لیے اسرائیلی حکومت کی جانب سے طیارے بھیجنے کی متعدد درخواستیں مسترد کر دیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments