وزیراعظم کا ملکی برآمدات کو 60 ارب ڈالر سالانہ پر پہنچانے کا ہدف

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی برآمدات کو 60 ارب ڈالر سالانہ پر پہنچانے کا ہدف دے دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی ترقی برآمدات بورڈ کا اجلاس ہوا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزارتِ تجارت و متعلقہ ادارے 3 برس میں برآمدات کے 60 ارب ڈالر کے ہدف کے لئے عملی اقدامات کریں، گزشتہ مالی سال ملکی برآمدات 30 ارب ڈالر سے زیادہ رہیں، حکومتی پالیسیوں کی بدولت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) برآمدات 3.2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں جو خوش آئند امر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے سب کو محنت کرنا ہے، ایف بی آر کی جانب سے برآمد کنندگان کے ریفنڈز میں کسی قسم کا تعطل قبول نہیں کیا جائے گا۔

دوران اجلاس وزیراعظم نے برآمد کنندگان کے مسائل کو آئندہ 2 ہفتے میں حل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں