ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے کا نیا ریکارڈ قائم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) رواں سال ملکی تاریخ میں پہلی بار 35 لاکھ سے زائد انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کا ریکارڈ قائم ہو گیا۔

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سالانہ آمدن ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تعداد 35 لاکھ سے بڑھ گئی ہے، ان گوشواروں کے ساتھ ٹیکس گزاروں نے 55 ارب روپے سے زیادہ کا ٹیکس بھی جمع کرایا ہے۔

یہ انکشاف پیر اور منگل کی درمیانی شب چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کی زیرصدارت ہونے والے ان لینڈ ریونیو آپریشنز اور دوسرے ٹیم ممبران کے اجلاس میں کیا گیا۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق گزشتہ سال 30 ستمبر تک 16 لاکھ ٹیکس گوشوارے ایف بی آر کو موصول ہوئے تھے، اس طرح سال 24-2023 کے سالانہ ٹیکس گوشوارے پچھلے سال کے مقابلے میں دوگنا سے بھی زیادہ جمع کرائے گئے ہیں۔

دوسری جانب ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں گزشتہ روز کی گئی 14 دن کی توسیع کرنے کی وجہ ایف بی آر کے سسٹم میں دشواریاں بھی تھیں جس کے باعث تاجر تنظیموں اور عوام کو ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔

ان دشواریوں کے ازالے کے لیے چیئرمین ایف بی آر نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے ساتھ مشاورت کی اور ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 14 دن کی توسیع کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں