پاک قطر تعلقات دوستانہ، تجارتی شعبوں میں تعاون جاری ہے: قطری سفیر
کراچی: (دنیا نیوز) قطر کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے تعلقات دوستانہ ہیں، تجارتی شعبوں سمیت دیگر اہم ایشوز پر تعاون جاری ہے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے قطر کے سفیر علی مبارک الخطیر نے ملاقات، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، قطر کے سفیر نے گورنرانیشیٹو کی تعریف کی۔
قطر کے سفیر کو گورنر ہاؤس میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، گورنر سندھ کے ہمراہ قطری سفیرنے گورنر ہاؤس کے شعبوں کا دورہ کیا، قطری سفیر نے قائداعظم کے کمرے کا بھی دورہ کیا، انہوں نے گورنر ہاؤس کے لان میں پودا بھی لگایا۔
گورنرہاؤس کے لان میں پاکستانی پرچم لہرایا گیا اور قومی ترانہ بجایا گیا، گورنر ہاؤس کے لان میں قطر کا پرچم لہرایا گیا، اس موقع پر قونصل جنرل قطر بھی موجود تھے، قطر کے سفیر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قطری سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں ، قطر پاکستان میں مقامی سطح پر سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔
اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ آرمی چیف نے ایس آئی ایف سی بنائی ہے، ایس آئی ایف سی ون ونڈو آپریشن ہے جس سے سرمایہ کاری محفوظ ہے، آرمی چیف ملک میں معاشی ترقی چاہتے ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ہمارے مضبوط جادوگر محسن نقوی نے مظاہرین کو واپس بھیج دیا، جو مظاہرین جیل میں ہیں تو ان کی ضمانت کروانے کو تیار ہوں، حکومت کے پاس تمام آپشنز موجود ہیں۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کوئی لاڈلہ نہیں ہونا چاہیے، تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ یکساں رویہ رکھنا چاہیے، بانی پی ٹی آئی کے گھرسے سعودی عرب کے خلاف باتیں کی جاتی ہیں، ان کے پاس معاشی حل ہے تو بتائیں، بانی پی ٹی آئی کے پاس کوئی سیاسی، معاشی ٹیم نہیں ہے۔