پی ٹی آئی احتجاج : اشیا خورونوش اور پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی متاثر
اسلام آباد:(دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران ملک کی بڑی شاہراہیں بند ہونے سے پٹرولیم مصنوعات اور اشیا خورونوش کی سپلائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین ٹوٹنے کا خدشہ ہے، لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی کی صورتحال کی وجہ سے کئی شہروں تک رسائی محدود ہے، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے حکومت سے مدد طلب کرلی۔
اسی طرح پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین متاثر ہونے سے بھاری نقصان کا خدشہ ہے، پٹرولیم مصنوعات لے جانے والے ٹینکرز کی آمدورفت پر نمایاں اثر پڑ رہا ہے، موجودہ صورتحال میں سپلائی میں خلل پڑ سکتا ہے ، کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ اوگرا اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
دوسری جانب پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن لاہور نے بھی سپلائی متاثر ہونے سے پٹرول و ڈیزل کی قلت کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مسائل پر قابو نہ پایا گیا تو پمپس بند ہوجائیں گے۔