فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کی ملاقات، ڈیجیٹل فنانس پر گفتگو

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈمارشل سید عاصم منیر سے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کی ملاقات ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران ڈیجیٹل فنانس، مالی شمولیت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات پاکستان کے بدلتے معاشی منظرنامے میں عالمی نجی سرمایہ کاری گروپس کی بڑھتی دلچسپی کی عکاسی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق عالمی گروپس کی دلچسپی پاکستان کی فن ٹیک صلاحیتوں پر عالمی اعتماد میں اضافے کا بھی عکاس ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مفید خیالات کے تبادلے کا خیرمقدم کیا، فیلڈ مارشل نے معاشی استحکام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل نے قومی ترقی میں نجی شعبے کی ذمہ دارانہ شمولیت کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام کیلئے کوشاں ہے، سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی اور سازگارماحول کی دستیابی یقینی بنا رہے ہیں۔

سید عاصم منیر نے کہا کہ نجی شعبے کی شراکت داری کے سازگار ماحول کیلئے پُرعزم ہیں۔

اس موقع پر مسٹر وٹ کوف نے پاکستان میں موجود بے پناہ اقتصادی صلاحیتوں پر روشنی ڈالی، مستقبل کی ٹیکنالوجیز کو اپنانے میں پاکستان کی قیادت کی کوششوں کو سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں