آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کا شیڈول تمام بورڈز کیساتھ شیئر کر دیا

لاہور: (دنیا نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کا شیڈول تمام کرکٹ بورڈز کے ساتھ شیئر کر دیا۔

ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی 2025 کی افتتاحی تقریب کی تجویز بھی منظور شدہ بجٹ میں شامل ہے جبکہ اختتامی تقریب کی تجویز کو بھی بجٹ میں رکھا گیا ہے، آئی سی سی نے تمام تر شیڈول کرکٹ بورڈز اور براڈ کاسٹرز کو بھجوا دیا ہے، تمام بورڈز سے مشاورت کے بعد آئی سی سی تجاویز کو حتمی شکل دے گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ مجوزہ شیڈول میں وارم اپ میچز اور دیگر سرگرمیاں شامل ہیں، افتتاحی تقریب کی منظوری کی صورت میں کرٹن ریزر ایونٹ کراچی میں ہونے کا امکان ہے، چیمپئنز ٹرافی کی اختتامی تقریب لاہور میں منعقد ہوگی۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں میگا ایونٹ کیلئے لگ بھگ 70 ملین ڈالرز کے بجٹ کی منظوری دی گئی، بجٹ میں سپورٹ پیریڈ میں ہونے والے تمام اخراجات کو شامل کیا گیا ہے، چیمپئنز ٹرافی کا سپورٹ پیریڈ 12 سے 18 فروری کو رکھا گیا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک کھیلی جانی ہے جبکہ فائنل کا ریزرو ڈے 10 مارچ کو رکھا گیا ہے، سپورٹ پیریڈ کی ونڈو وارم اپ میچز کیلئے رکھی گئی ہے، آئی سی سی تمام ٹیموں کے ساتھ مشاورت کے بعد وارم اپ میچز کا فیصلہ کرے گی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ہر ٹیم زیادہ سے زیادہ دو وارم اپ میچز کھیل سکے گی، وارم اپ میچز کے حوالے سے آئی سی سی تمام ٹیموں سے مشاورت کر رہی ہے، وارم اپ میچز بھی چیمپئنز ٹرافی کے تین شہروں لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں ہوں گے، وارم اپ میچز تینوں شہروں کے مین میچز کے وینیوز سے ہٹ کر ہو سکتے ہیں۔

آئی سی سی کی سپورٹ ونڈو میں ٹریننگ سیشنز کا انعقاد، وارم اپ میچز، میڈیا ایکٹیویٹی اور تشہیری ایونٹس ہوں گے، سپورٹ پیریڈ میں تمام سرگرمیاں آئی سی سی اور پی سی بی کی مشاورت سے طے ہوں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں