پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا گیا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لٹر کمی کا اعلان کر دیا جبکہ ڈیزل کی قیمت 280 روپے فی لٹر پر برقرار ہے۔
پٹرول کی نئی قیمت 272 روپے سے کم ہو کر 267 روپے فی لٹر پر آگئی، مٹی کے تیل کی قیمت میں 15 روپے فی لٹر کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔
لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 12 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی قیمت کم ہو کر 184 روپے 68 پیسے فی لٹر ہو گئی۔
پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔
واضح رہے کہ اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق دو تجاویز حکومت کو بھجوائی گئی تھیں، پہلی تجویز کے مطابق آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر جی ایس ٹی عائد کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔
اوگرا نے پٹرول اور ڈیزل پر 2 سے 5 فیصد فی لٹر جی ایس ٹی عائد کرنے کی تجویز دی تھی، جی ایس ٹی عائد کرنے پر پٹرول کی قیمت میں 5 سے لے کر 13 روپے 60 پیسے تک اضافہ ہو سکتا تھا۔
اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کی بھی تجویر دی گئی تھی، گزشتہ 15 دنوں میں عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، گزشتہ 15 روز میں عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت 74 ڈالر فی بیرل تک رہی۔
اوگرا نے دوسری سمری میں تجویز دی تھی کہ عالمی منڈیوں کے تناسب سے ٹیکس عائد کر کے قیمتیں برقرار بھی رکھی جا سکتی ہیں۔