دولہے کی سرکاری ملازمت نہ ہونے پر دلہن کا شادی سے انکار

لاہور: (ویب ڈیسک) بھارت میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جس میں دلہن نے دولہا کی سرکاری ملازمت نہ ہونے پر عین موقع پر شادی سے انکار کردیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ یہ واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع فرخ آباد میں پیش آیا جہاں دلہن کے انکار کے بعد بارات کو خالی ہاتھ واپس لوٹناپڑا۔

رپورٹ کے مطابق دولہا ایک نجی کمپنی میں بطور انجینئر کام کرتا تھا اور ماہانہ ایک لاکھ بھارتی روپے سے زائد کماتا تھا، اس کے پاس 6 پلاٹ اور 20 بیگھہ زمین ہے، اس متاثر کن مالی حیثیت کے باوجود دلہن نے اس سے شادی کرنے سے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ دولہے کے پاس سرکاری نوکری نہیں ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بارات پہنچنے پر شادی کی رسومات جاری تھیں کہ پھر اچانک دلہن کو کسی نے بتایا کہ دلہا کے پاس سرکاری ملازمت نہیں ہے، اس کے بعد اس نے شادی کی رسومات کو آگے بڑھانے سے انکار کر دیا۔

دونوں خاندانوں نے دلہن کو سمجھانے کی کوشش کی، لیکن اس نے اپنا مؤقف نہیں بدلا، دلہن کو راضی کرنے کی کوشش میں دولہا کے خاندان نے اس کی تنخواہ کی رسیدیں بھی دکھائیں، دولہا نے فون پر اپنی تنخواہ کی سلپ منگوائی اور دلہن کے خاندان کے سامنے پیش کی لیکن دلہن پھر بھی نہیں مانی اور بارات واپس لوٹ گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں