اپر کوہستان مالیاتی سکینڈل: عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا
پشاور: (دنیا نیوز) اپر کوہستان مالیاتی سکینڈل میں گرفتار نجی کمپنی کا مالک احتساب عدالت میں پیش، احتساب عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزم شیر علی نجی کمپنی کا مالک ہے، ملزم کے اکاؤنٹ میں 46 ملین روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی ہے، ملزم کو ٹرانزیکشن کوہستان سکینڈل کے مرکزی ملزم قیصر اقبال کی اکاؤنٹ سے ہوئی ہے۔
عدالت کو تفتیشی افسر نے بتایا کہ ریکارڈ سے پتہ چلا کہ مذکورہ رقم ملزم نے آگے منتقل کی ہے، ملزم نے 13 ملین روپے اپنے پاس رکھے جبکہ باقی پیسے دو ملزمان ممتاز اور انور علی کے اکاؤنٹس میں منتقل کئے۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزم نے ساتھی ملزم فیض اللہ احمد کی ملی بھگت سے 51 ملین روپے مزید وصول کئے ہیں، ملزم نے مانسہرہ میں ایک رہائشی گھر خریدنے کا بھی انکشاف کیا ہے۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم سے تفتیش مکمل ہوئی ہے، مزید جسمانی ریمانڈ نہیں چاہئے، عدالت نے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔