وزیر مملکت برائے پٹرولیم سستا پٹرول سکیم پر آئی ایم ایف اعتراضات بارے لاعلم نکلے
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک چھوٹی گاڑیوں، موٹر سائیکل اور رکشہ کے لیے سستا پٹرول سکیم پر آئی ایم ایف کے اعتراضات سے لاعلم نکلے۔
سستا پٹرول سکیم کے متعلق وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف نے مجھ سے باضابطہ رابطہ نہیں کیا، سستا پٹرول سکیم کے متعلق آئی ایم ایف کو جو بھی چیزیں درکار ہوں گی ہم فراہم کریں گے۔
مصدق ملک نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ملکی ترقی کے راستے میں روڑے نہیں اٹکانے لیکن کوئی باضابطہ رابطہ نہیں ہوا، کچھ چیزوں پر ابھی بھی ریسرچ چل رہی ہے، آئی ایم ایف کے سامنے ایک فریم ورک بھی لاسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نے پٹرول کی قیمت میں ایک ساتھ بڑا اضافہ کر دیا
انہوں نے کہا کہ مجھے اخباری خبروں کے ذریعے اعتراضات کا علم ہوا، سستا پٹرول سکیم کے متعلق وزارت خزانہ کے سوالات آتے رہے ہیں اور اس کے جوابات دیتے رہے ہیں، کابینہ میں سستا پٹرول کی سکیم کے متعلق کوئی چیز زیر بحث نہیں آئی۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ دو کروڑ 20 لاکھ موٹر سائیکل ہیں جن کے لیے ڈیٹا بیس بنانا مشکل ہے، سستے پٹرول سکیم پر کام جاری ہے، سستا پٹرول سکیم کی مدت چھ ہفتے تھی لیکن اب اس کی مدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔