عالمی مارکیٹ کے مقابلے پٹرول کی قیمت میں ہوشربا اضافہ، اوگرا تجاویز بھی نظرانداز
لاہور: (دنیا نیوز) حکومت نے رخصتی سے قبل عوام سے بڑا ہاتھ کرتے ہوئے عالمی مارکیٹ کے مقابلے پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے عالمی منڈیوں سے 85 ڈالر فی بیرل کے حساب سے تیل خریدا، بین الاقوامی ٹیکس اور سرچارج شامل کر کے تیل کی قیمت 92 ڈالر 82 سینٹ فی بیرل بنتی ہے، پٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 166 روپے 37 پیسے فی لٹر بنتی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ حکومت نے پٹرول کی قیمت پر 92 روپے 20 فی لٹر ٹیکس عائد کیا ہے، تمام تر ٹیکسز عائد کرنے کے بعد بھی پٹرول کی قیمت 260 روپے فی لٹر بنتی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حکومت کو اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے فی لٹر اضافے یا قیمتیں برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی تھی مگر حکومت نے اوگرا تجاویز کے برعکس پٹرول کی قیمت میں 19 روپے 95 پیسے اضافہ کیا۔