ٹیم مینجمنٹ رضوان کا بیٹنگ آرڈر بدلنے کی خواہاں، بابر کی مخالفت

لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے ایک بارپھر محمد رضوان کا بیٹنگ آرڈر تبدیل کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔

 

ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ کے بیشتر ارکان رضوان کو ٹی 20 میں 4 نمبر پر بیٹنگ کرانا چاہتے ہیں لیکن کپتان بابراعظم ساتھی بلے باز رضوان کو نمبر 4 پر کھلانے کے حق میں نہیں ہیں۔

 

ذرائع کے مطابق بابر اعظم وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو اوپنر کی حیثیت سے کھلانا چاہتے ہیں، بابر کی رائے ہے کہ اگر صائم ایوب بطور اوپنر ناکام ہوئے ہیں تو رضوان ہی اوپن کریں جبکہ رضوان ذاتی طور پر بھی نمبر 4 پر کھیلنے کے حق میں نہیں ہیں۔

قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان ٹی 20 میں بطور اوپنر ہی کھیلنا چاہتے ہیں، بطور اوپنر پرفارمنس کے باوجود نئے نمبر کی تجویز پر رضوان کو تشویش ہے، ٹیم مینجمنٹ محمد رضوان کی جگہ عثمان خان یا فخر زمان کو نمبر 3 پر کھلانا چاہتی ہے۔

رضوان کی بقیہ میچز میں شرکت مشکوک

دوسری جانب ذرائع کے مطابق محمد رضوان کی کیویز کیخلاف ٹی 20 سیریز کے بقیہ میچز میں شرکت مشکوک ہے، رضوان سے متعلق ٹیم مینجمنٹ کا آج فیصلہ کرنے کا امکان ہے، رضوان کو ٹانگ میں تکلیف ہے اور انہیں آرام کی ضرورت ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ سکین رپورٹ کی روشنی میں فیصلہ کرے گی، محمد رضوان کو تیسرے ٹی 20 میچ میں ٹانگ میں زیادہ تکلیف ہوئی تھی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں