دلہا 2 کا پہاڑا نہ سنا سکا، دلہن کا عین موقع پر شادی سے انکار

اترپردیش: (ویب ڈیسک) بھارت میں دلہن نے عین پھیروں سے قبل شادی اس وقت منسوخ کر دی جب دلہا 2 کا پہاڑا سنانے میں ناکام ہوگیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش سے تعلق رکھنے والے دولہا کے اہل خانہ نے شادی سے قبل دلہن کے گھر والوں سے لڑکے کی تعلیمی قابلیت کے بارے میں جھوٹے دعوے کئے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق جب دولہا بارات لے کر پہنچا تو عین شادی کے پھیروں سے قبل دلہن کو اس کی تعلیمی قابلیت پر شک ہوگیا، جس پر اس نے دلہا سے 2 کا پہاڑا سنانے کی فرمائش کر دی۔

تاہم دلہا اپنی ہونے والی دلہنیا کی فرمائش پوری کرنے سے قاصر رہا تو دلہن نے شادی سے انکار کر دیا اور شادی کے منڈپ سے چلی گئی جس پر دلہا کو بھی اپنی بارات واپس لے جانا پڑی۔

خیال رہے کہ یہ 2021 کا واقعہ ہے، جو بھارتی اخبار میں شائع ہوا تھا، تاہم اب حال ہی میں شائر یوگی نامی صارف نے سوشل میڈیا پر ماضی کی خبر ایک بار پھر شیئر کی تو دیگر صارفین دلچسپ تبصرے کرنے سے قاصر نہ رہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں