ہمارے کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد:(دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے ہمارے کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے ہیں۔

اسلام آباد میں رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج اڈیالہ جیل میں القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے، آج پراسیکیوشن کے 21گواہ مکمل ہو گئے ہیں،کسی بھی ٹرسٹی کا ٹرسٹ پراپرٹی سے تعلق نہیں ہوتا ،انشااللہ سیاسی بنیادوں پر بنا ہوا یہ کیس ختم ہو گا۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم آئین وقانون کی بات کرتے ہیں، جیل میں کسی صورت ٹرائل نہیں چل سکتا،آپ اوپن ٹرائل کریں،آج جج صاحب سے درخواست کی گئی لیکن میڈیا کو باہر نکال دیا گیا،  کیا کبھی میڈیا کو باہر نکالا جاسکتا ہے، ہم اپنے حقوق کیلئے لڑتے رہیں گے، ہمارے خلاف سیاسی بنیادوں پر بے بنیاد کیس بنائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ضمنی الیکشن سے قبل باکس بھرے ہوئے تھے اور الیکشن کے نتائج ان کی توقعات کے مطابق آئے، عوام کا حق ہے کہ ان کا ووٹ صحیح طریقے سے گنا جائے، بانی پی ٹی آئی نے ضمنی الیکشن کے رزلٹ پر حیرت کا اظہار کیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ ریٹرننگ افسران جوڈیشری سے کیوں نہیں لیے گئے؟۔

بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہم نے عدالت میں فارم 45پر پیٹیشن فائل کی ، دو ماہ سے شنوائی نہیں ہورہی ، ہمارا سپریم کورٹ سے مطالبہ ہے کہ ہماری درخواست کو سنا جائے، ہم فارم کے مطابق اپنا کھویا ہوا مینڈیٹ واپس لینے چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے حقوق کیلئے لڑرہے ہیں اس کو مزاحمت نہیں کہتے، ہم آئین وقانون کی بات کرتے ہیں، ہم سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ سے التجا کرتے کرتے تھک گئے، ہما را ٹکراؤ کا مطالبہ ہر گز نہیں،ہم عوام کے حقوق کی بات کررہے ہیں، ہم نتائج قبول کر لیں یا ڈیل کرلیں؟

رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ کل بھی ہمیں بی بی کی صحت بارے آگاہ نہیں دیا گیا، کل صبح بتایا گیا کہ بشریٰ بی بی ہارٹ اٹیک کی طرف جارہی ہیں، ب جہاں تک زہر کی بات ہورہی ہے ٹیسٹ کے بعد ابھی تک رزلٹ نہیں آیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں