جینی کیریگنن کینیڈا کی پہلی خاتون چیف آف ڈیفنس سٹاف تعینات

اوٹاوا: (دنیا نیوز) کینیڈا میں پہلی مرتبہ کسی خاتون فوجی افسر کو چیف آف ڈیفنس سٹاف تعینات کیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے لیفٹننٹ جنرل جینی کیریگنن کو چیف آف ڈیفنس سٹاف مقرر کیا ہے جو 18 جولائی کو اپنا عہدہ سنبھالیں گی۔

جینی کیریگنن ایک ملٹری انجینیئر ہیں جو فوج میں اپنے 35 سالہ کریئر کے دوران افغانستان، بوسنیا، عراق اور شام میں فوجی دستوں کی قیادت کرچکی ہیں۔

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اپنے کریئر کے دوران، جینی کیریگنن کی غیر معمولی قائدانہ صلاحیتیں، بہترین کارکردگی اور لگن ہماری مسلح افواج کے لیے ایک بہت بڑا اثاثہ رہا ہے۔

جینی کیریگنن نے ایک ایسے وقت میں یہ عہدہ سنبھالا ہے کہ جب کینیڈا کو اپنے دفاعی اخراجات میں اضافے کے لیے اتحادیوں کے دباؤ کا سامنا ہے، مسلح افواج کو بھرتی کے اہداف کو پورا کرنے میں مشکلات درپیش ہیں اور پرانے دفاعی آلات کی بروقت تبدیلی عمل میں نہیں آرہی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں