نیپال میں شدید بارشیں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچا دی، 14 افراد ہلاک،کئی لاپتہ

کھٹمنڈو:(ویب ڈیسک )نیپال میں شدید بارشوں کی وجہ سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ملک بھر میں 14 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ آفات سے نمٹنے والی ٹیمیں 9 لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے  کی رپورٹ کے مطابق پڑوسی ملک بھارت کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش میں بھی سیلاب نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے اور اس سے لاکھوں لوگ متاثر ہوگئے ہیں۔

نیپالی پولیس کے ترجمان دان بہادر کارکی نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس لاپتا افراد کی تلاش کے لیے دیگر ایجنسیوں اور مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

جون سے ستمبر تک ہونے والی مون سون کی بارشوں میں ہر سال جنوبی ایشیا میں بڑے پیمانے پر ہلاکتیں اور تباہی ہوتی ہے لیکن حالیہ برسوں میں مہلک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی اور سڑکوں کی تعمیر میں اضافہ مسئلہ کو مزید بڑھا رہا ہے، نیپال کے کچھ حصوں میں جمعرات سے شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ہمالیائی ملک میں آفات سے نمٹنے والے حکام نے متعدد دریاؤں میں سیلاب کی وارننگ جاری کر دی ہے۔

بھارت کی سرحد سے متصل نشیبی علاقوں کے کئی اضلاع کے بھی زیر آب آنے کی اطلاعات ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی نیپال میں شدید طوفانوں میں 14 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں