محرم میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے: سلمان رفیق

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے محرم الحرام میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔

صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق کے زیرصدارت محرم الحرام میں سکیورٹی اور امن وامان کے حوالے سے اجلاس ہوا، صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمنٰ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان اور وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے اجلاس میں شرکت کی، سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل نے ایس او پیز اور انتظامات بارے بریفنگ دی۔

چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ ضلع بندی اور زبان بندی کے احکامات کیلئے ڈپٹی کمشنرز کو اختیارات دے دیئے گئے ہیں، قانون کے برخلاف لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی ہو گی، خواتین کی مجالس کو خصوصی سکیورٹی کور دیا جائے گا، اتحاد بین المسلمین اور امن کمیٹیاں صوبہ بھر میں متحرک کردار ادا کریں۔

کابینہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر کے ممبران نے محرم الحرام میں سکیورٹی کے حوالے سے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا، تمام متعلقہ اداروں کے نمائندگان سمیت پنجاب بھر سے کمشنرز اور آر پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں