سالانہ 500 ارب کی بجلی چوری ہوتی ہے، ڈسکوزکو کارکردگی بہتر بنانا ہوگی: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ ڈسکوز کی کارکردگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ڈسکوز کو اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگا۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے چیئرمینوں اور بورڈ ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کی آمد آمد ہے، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں ڈسکوز کی کارکردگی ایک عرصے سے صحیح نہیں ہے۔

محمد شہبازشریف نے کہا کہ بجلی کے نظام کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، اگرہم اصلاحات کرنے میں کامیاب ہوگئے تو معیشت تیزی سے آگے بڑھے گی، بدانتظامی، کرپشن اور دیگر وجوہات کی وجہ سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی اچھی نہیں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے بجلی کے نظام کو ایک بڑے چیلنج کا سامنا ہے، اندازے کے مطابق 500 ارب سالانہ بجلی چوری ہوتی ہے، بجلی چوری ملی بھگت سے ہوتی ہے، ڈسکوز میں اچھے اچھے افسر بھی ہیں، جنہوں نے ڈسکوز کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ان کی بھی کمی نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں ہیرا پھیری کی جاتی ہے، اس نظام کو ہم بہتر کریں گے، بجلی بلوں میں ہیرا پھیری روکنے کے لئے نظام میں بنیادی تبدیلیوں پر کام کر رہے ہیں، ہم نے اس نظام کو تبدیل کرنا ہے جس نے پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے۔

محمد شہبازشریف نے مزید کہا کہ گردشی قرضہ 2300 ارب تک پہنچ گیا ہے، کیا اتنے بھاری بھر کم گردشی قرضوں کے ساتھ ملک چل سکتا ہے؟ ہمیں نظام کی بہتری کے لئے دن رات محنت کرنی ہے، گردشی قرضے کی ایک وجہ کمزور ٹرانسمیشن سسٹم اور لائن لاسزہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بند پلانٹس سکریپ ہوچکے ان کو بھی تنخواہیں جارہی ہیں، پاورسیکٹر کو ان چیلنجز کا سامنا ہے، اگر نیت لوٹ مارکی ہوگی تو پھر تباہی ہی ہوتی ہے، ہم نے فیصلہ کرنا ہے تباہی سے بچنا اور خوشحالی کی طرف جانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے بجلی کی قیمت کو کم کرنا ہے، صرف گھریلو صارفین نہیں زراعت، تجارت کے لئے بھی بجلی سستی کرنی ہے، بجلی کی قیمت کم اور نظام کو بہتر بنانے سے اکانومی دوبارہ پاؤں پر کھڑی ہوسکتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈسکوز کو اپنی کارکردگی کو بہتربنانا ہوگا، ڈسکوز کی کارکردگی سے متعلق کوئی کمپرو مائزنہیں ہوگا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں