فریب زدہ اسمبلی سےترمیم کے خلاف وکلا باہرنکلیں گے: سلمان اکرم راجہ

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ فریب زدہ اسمبلی سےترمیم کےخلاف وکلا باہرنکلیں گے۔

دنیا نیوزکےپروگرام’’دنیا مہربخاری کےساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا حکومت پورے سپریم کورٹ کوتابع کرنا چاہتی ہے، حکومت اپنی مرضی کےججزکولگائےگی، یہ ایک خوفناک صورتحال پیدا ہوگئی ہے،عدلیہ کا وجود نمائشی بننےجارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جونظام بنایا گیا ہے اس نظام پر ہمیں اعتراض ہے، یہ فارم 47کی پارلیمان ہے، بے شرمی سے لوگوں کو اغوا کیا گیا، یہ آئینی ترمیم ہماری تاریخ کا سیاہ دھبہ ہے،جسٹس منصورعلی کوچیف جسٹس اور جسٹس یحیحیٰ آفریدی کو آئینی بینچ کا سربراہ بنا دیا جاتا ہے تو اچھی بات ہے۔

سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ترمیم کےخلاف پورے ملک کو باہرنکلنا چاہیے، یہ ترمیم کسی جماعت نہیں ملک کا معاملہ ہے، یہ معاملہ سیاسی نہیں ہے،فریب زدہ اسمبلی سےترمیم کےخلاف وکلا باہرنکلیں گے۔

سلمان اکرم راجہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں نظرآرہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان پینل کی طرف جائیں گے، امید تھی آئینی بینچ کے لیے پانچ سے سات سنیئرجج لینے کا طریقہ اپنایا جائے گا، ہمیں یہ بھی امید تھی کہ مولانا ہائی کورٹ میں بینچ کے قیام کو نہیں مانیں گے، مولانا نے اس بات کو مان لیا اس حوالے سے مایوس ہوں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں