ایسا ملک جہاں صدر کی صحت پر بات کرنا جرم قرار دے دیا گیا
یوانڈی:(ویب ڈیسک) کیمرون حکومت نے صدر مملکت کے متعلق بات کرنے کو ’جرم‘ قرار دینے کا انوکھا اعلان کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عوام الناس کی اطلاع کے لیے یہ اعلان افریقی ملک کیمرون کی حکومت کی جانب سے کیا گیا ہے، جہاں 91 سالہ صدر پال بیا کی صحت سے متعلق قیاس آرائیوں اور گفتگو کرنے کو اب ’جرم‘ قرار دے دیا گیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ کیمرون کی وزارت داخلہ کی جانب سے متعلقہ حکام کے نام جاری خط میں کہا گیا ہے کہ صدر کی صحت سے متعلق بات کرنا قومی سلامتی کا معاملہ ہے جس کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
خط میں کہا گیا ہے کہ میڈیا میں صدر کی صحت سے متعلق کسی بھی قسم کی گفتگو پر پابندی عائد کی جارہی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب وزارت داخلہ نے صوبوں کے گورنرز کو نجی ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا کی مانیٹرنگ کے لیے ٹیمیں تعینات ہدایت کی ہے تاکہ حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشان دہی ممکن ہوسکے۔