کراچی: دس سالہ پوتے کو موٹر سائیکل چور بنانے والا دادا گرفتار

کراچی: (دنیانیوز) کراچی میں دس سالہ پوتے کو موٹر سائیکل چور بنانے والا دادا گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم سیف اللہ کو گلشن معمار عباس گوٹھ سے گرفتار کیا گیا ، ملزم کے دس سالہ پوتے شاہ زیب کو گزشتہ روز گلشن معمار سے گرفتار کیا گیا تھا، پولیس نے 10 سالہ موٹر سائیکل لفٹر کو اس کے 5 ساتھیوں سمیت گرفتار کیا تھا۔

پولیس کا بتانا ہے کہ ملزمان کا تعلق بین الصوبائی لفٹر گروہ سے ہے، دس سالہ ملزم شاہ زیب کی موٹر سائیکل چوری کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ہے، دس سالہ ملزم نے انکشاف کیا تھا کہ اس کو موٹر سائیکل چوری کرنا اس کے دادا نے سکھایا ہے، بچے کے انکشاف پر اس کے دادا سیف اللہ کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق بچے کے دیگر گرفتار ملزمان میں ایک خاتون اور 4 مرد شامل ہیں ، گرفتار ملزمان سے 14 موٹرسائیکلز، 07 کٹے ہوئے چیچس، 09 انجنز اور دیگر پارٹس/سامان برآمد ہوئے تھے ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار 10 سالہ ملزم شاہ زیب موٹرسائیکلز چوری کرتا، جبکہ ملزمان حماد، مزمل اور رفیق چوری شدہ موٹرسائیکلز کو سٹور کرتے اور کھولتے تھے، گرفتار ملزمان میں ایک ملزم مکینک ہے جوکہ پرانی موٹرسائیکل کو کھولتا اور ساتھی ملزمان انہیں فروخت کرتے ہیں۔

پولیس کے مطابق گرفتار خاتون ملزمہ زینب اور ملزم محمد انس نئی چوری شدہ موٹرسائیکلز کو حب بلوچستان لےکر جاتے اور فروخت کرتے تھے، گرفتار ملزمان میں حماد ولد غلام سرور، مزمل ولد غلام سرور، رفیق عرف رئیس ولد حاجی خدا بخش، محمد انس ولد محمد نعیم، شاہ زیب ولد اسد اللّٰہ اور زینب زوجہ اسد اللّٰہ شامل ہیں۔

پولیس کی جانب سے گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں