یمن پر امریکی فضائی حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں: ایران
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے یمن پر کیے جانے والے جارحانہ حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بگھائی نے اتوار کو اپنے بیان میں یمنی عوام کی فلسطینیوں کے ساتھ یک جہتی کو سراہا اور یمن میں جاری امریکی فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یمن پر امریکا کے مسلسل اور جارحانہ حملے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور قواعد کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
اسماعیل بگھائی نے مسلم دنیا، علاقائی ممالک اور اقوامِ متحدہ سے یمن پر امریکا، برطانیہ اور اسرائیلی حکومت کے حملوں کے خلاف سنجیدہ اقدامات اُٹھانے کا مطالبہ بھی کیا۔
یاد رہے کہ امریکا اور برطانیہ تقریباً ایک سال سے یمن کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فوجی حملے کر رہے ہیں۔