لندن میں ’راج اور سمرن‘ کے مجسمے کی نقاب کشائی کردی گئی
لندن: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سپر سٹار شاہ رُخ خان اور کاجول نے لندن کے لیسٹر سکوائر میں اپنی مشہور فلم ”دل والے دلہنیا لے جائیں گے“ کے مرکزی کردار راج اور سمرن کے لائف سائز برانز مجسمے کی نقاب کشائی کی۔
ادیتیہ چوپڑا کی کلاسک فلم کی مقبولیت اور اس کے عالمی اثرات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یہ خصوصی تقریب ترتیب دی گئی تھی۔ دونوں اداکاروں نے اپنے مجسموں کے ساتھ تصاویر بنوا کر ”دل والے دلہنیا لے جائیں گے“ کے 30 سال مکمل ہونے کا جشن منایا۔
برانز مجسمے کی نقاب کشائی کے دوران شاہ رخ خان اور کاجول نے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور اس لمحے کو بے حد اہم قرار دیا۔
شاہ رُخ خان نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بھی اپنی خوشی مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔ انہوں نے فلم کی مشہور لائن ”بڑے بڑے دیشوں میں ایسی چھوٹی چھوٹی باتیں ہوتی رہتی ہیں، سینیورٹا!“ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ لندن میں راج اور سمرن کا برانز مجسمہ نصب دیکھ کر انہیں بے حد خوشی ہوئی۔
— The Associated Press (@AP) December 4, 2025
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بھارتی فلم کا پہلا مجسمہ ہے جو ”سینز ان دی اسکوائر“ ٹریل میں شامل کیا گیا ہے اور برطانیہ کے عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے یہ ممکن بنایا۔
شاہ رُخ خان نے مداحوں کو مدعو کیا کہ جب بھی لندن آئیں، تو راج اور سمرن کے مجسموں کے ساتھ تصاویر ضرور بنوائیں تاکہ اس فلم کے ساتھ مزید خوبصورت یادیں بنائی جا سکیں۔
لندن کے سینز ان دی اسکوائر ٹریل میں دنیا بھر کی مشہور فلموں کے کرداروں کے مجسمے نصب ہیں، جیسے کہ ہیری پوٹر کے کردار، مسٹر بین، بریجٹ جونز، مریم پاپنس، اور بیٹ مین کے مجسمے۔ اس ٹریل میں وہ جگہیں شامل ہیں جہاں سے مشہور فلمی مناظر شوٹ ہوئے۔