نعمان اعجاز سے نفرت، ماہرہ کو فی الحال معاف نہیں کر سکتا: خلیل الرحمان قمر
لاہور: (ویب ڈیسک) معروف ڈرامہ نویس خلیل الرحمان قمر نے نعمان اعجاز اور ماہرہ خان سے متعلق اپنے دل کے ثاثرات بیان کر دیئے۔
ایک پروگرام میں خلیل الرحمان قمر نے ایک بار پھر کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شوبز انڈسٹری میں جاری تنازعات پر بات کی ہے اور کہا کہ انڈسٹری کے کئی فنکاروں سے میرے اختلافات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا نعمان اعجاز سے کوئی مسئلہ نہیں، میں بس اس سے نفرت کرتا ہوں اور ہمیشہ نفرت کروں گا، یہ صرف اختلافِ رائے یا ناراضی کا معاملہ نہیں بلکہ ایک واضح اور شدید ناپسندیدگی ہے، جسے میں چھپانا نہیں چاہتا۔
گفتگو کے دوران معروف رائٹر خلیل الرحمان قمر نے اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ اپنے تنازع پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ ماہرہ خان ایک بہترین فنکارہ ہیں اور ان کے ساتھ میرا تعلق ہمیشہ احترام اور دوستی پر مبنی رہا، لیکن میں اُن الفاظ کو معاف نہیں کر سکتا جو ماہرہ نے میرے خلاف استعمال کئے تھے۔
خلیل الرحمان قمر نے امید ظاہر کی کہ شاید ایک دن میں اُن الفاظ کو معاف کر سکوں، مگر فی الحال وہ میرے لئے قابلِ قبول نہیں۔
واضح رہے کہ ان دونوں کے درمیان تلخی اُس وقت بڑھی جب ماہرہ خان نے خلیل الرحمان قمر اور ماروی سرمد کے درمیان ہونے والی بحث پر اپنا ردعمل دیا تھا۔