پاکستان ویمنز انڈر 19 نے بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز اپنے نام کرلی

ڈھاکا: (دنیا نیوز) پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم نے بنگلہ دیش ویمنز انڈر 19 کو 5ویں اور فیصلہ کن ٹی20 میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 3-2 سے اپنے نام کر لی۔

بنگلہ دیش کے کوکس بازار اکیڈمی گراؤنڈ میں کھیلا گیا میچ پاکستان نے 3 اوور پہلے ہدف حاصل کر کے جیت لیا، پاکستان نے 85 رنز کا آسان ہدف 17 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

قومی ٹیم نے پہلے 3 میچوں میں 2-1 سے ہارنے کے بعد مسلسل دوسرے میچ میں 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے شاندار کم بیک کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو آغاز میں ہی نقصان اٹھانا پڑا اور صرف 16 رنز پر کپتان ایمان نصیر اور راحمہ سید آؤٹ ہو گئیں۔ ایمان نصیر نے سیریز میں مجموعی طور پر 97 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہنے کا اعزاز حاصل کیا۔

کومل خان اور اقصیٰ حبیب نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 37 قیمتی رنز جوڑ کر اننگز کو سہارا دیا۔ اقصیٰ 23 گیندوں پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں جبکہ کومل خان نے 46 گیندوں پر 25 رنز اسکور کیے۔

بعد ازاں فضا فیاض نے 14 گیندوں پر 18 رنز (ایک چھکا، ایک چوکا) بنا کر ٹیم کو فتح کے راستے پر گامزن رکھا اور ناٹ آؤٹ رہیں۔ عریشہ انصاری 7 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔

بنگلہ دیش کی جانب سے حبیبہ اسلام پنکی، اوتوشی مجمدر اور فرجانہ یاسمین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا اور بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن کو 84 رنز پر ڈھیر کر دیا، میزبان ٹیم صرف 8 اوور میں 5 وکٹیں 31 رنز پر گنوا بیٹھی، پلیئر آف دی میچ بریرہ سیف نے 5ویں اوور میں 2 اہم وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش کی جانب سے واحد نمایاں کارکردگی نمبر 6 کی بیٹر صادیہ اختر کی تھی جنہوں نے 28 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی اور بیٹر ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکی۔

پاکستان کی بولنگ میں بریرہ سیف نے شاندار پرفارمنس دیتے ہوئے 4 اوورز میں 16 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔

روزینہ اکرم نے بھی وکٹیں حاصل کیں اور سیریز میں آٹھ وکٹوں کے ساتھ میمونہ خالد کے ہمراہ مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر رہیں۔ اقصیٰ حبیب، میمونہ خالد اور شہر بانو نے ایک، ایک وکٹ لی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی بریرہ سیف پلیئر آف دی میچ جبکہ ایمان نصیر پلیئر آف دی سیریز قرار پائیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں