لاہور میں ڈی ایس پی کی بیوی اور بیٹی کے قتل کے معاملے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

لاہور:(دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت میں ڈی ایس پی کی بیوی اور بیٹی کے قتل کے معاملے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

پولیس نے ابتدائی انویسٹی گیشن رپورٹ تیار کر لی جس کے مطابق عثمان حیدر کی بیوی اور بیٹی کو لاوارث لاش کے طور پر سپرد خاک کر دیا گیا، ملزم نے اپنی بیوی اور بیٹی کو دو دو گولیاں مار کر قتل کیا۔

انویسٹی گیشن رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈی ایس پی نے اپنی سرکاری گاڑی میں بیٹی اور بیوی کو قتل کیا،پولیس کو گاڑی کی سیٹوں سے خون کے نشانات ملنے کے ثبوت ملے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈی ایس پی عثمان حیدر ہی بیوی اور بیٹی کا قاتل نکلا، اعتراف جرم کرلیا

عثمان حیدر نے بیٹی کی لاش 27 ستمبر کو کاہنہ پولیس سٹیشن کی حدود میں گندے نالے میں پھینکی تھی، قاتل ڈی ایس پی نے بیوی کی لاش کالا شاہ کاکو کے علاقے میں پھینکی، دونوں لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا گیا پولیس نے لاوارث سمجھ کر امانتاً سپرد خاک کر دیا تھا۔

رپورٹ میں لکھا گیا کہ دونوں لاشیں مسخ شدہ تھی شناخت کے قابل نہیں تھی، ڈی آئی جی انویسٹیگیشن نے ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی، جس نے عثمان حیدر کو شامل تفتیش کیا،دوران تفتیش ڈی ایس پی عثمان حیدر نے اپنا گناہ قبول کر لیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں