9 ویں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مقابلے 2026 کی افتتاحی تقریب
راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 9 ویں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مقابلے 2026 کی افتتاحی تقریب نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں منعقد ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کا مقصد دوست افواج کے دستوں کے درمیان عسکری تعاون کو بڑھانا تھا، افتتاحی تقریب میں 60 گھنٹوں پر مشتمل پٹرولنگ ایکسرسائز کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پٹرولنگ ایکسرسائز میں ایک سینئر عسکری افسر نے شرکت کی، مقابلے میں 19 دوست ممالک کی 24 بین الاقوامی ٹیمیں اور فوجی مبصرین حصہ لے رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شریک ممالک میں بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، سعودی عرب شامل ہیں، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، امریکہ اور ازبکستان بھی مقابلے میں شریک ہیں۔
مقابلوں میں انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ مبصرین کے طور پر شریک ہیں، پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی کی 16 ملکی ٹیمیں بھی مقابلے میں حصہ لے رہی ہیں، پاکستان ایئر فورس کے مبصرین بھی مشق کا حصہ ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ ایک مشن پر مبنی اور ٹاسک اورینٹڈ پیشہ ورانہ فوجی مشق ہے، مشق کا انعقاد ہر سال پاکستان میں کیا جاتا ہے۔
مشق میں جسمانی فٹنس، ذہنی مضبوطی اور عسکری مہارت درکار ہوتی ہے، مشق میں حقیقی جنگی ماحول سے قریب تر حالات میں تیز فیصلہ سازی پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔