کمبوڈیا لے جا کر پاکستانیوں کو سکیم کمپنیوں کو فروخت کرنے والا گروہ گرفتار
گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) کمبوڈیا لے جا کر پاکستانیوں کو سکیم کمپنیوں کو فروخت کرنے والا گروہ گرفتار کر لیا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے رانا شوازاحمد کے مطابق گرفتار گروہ چھ ملزمان پر مشتمل ہے، گروہ میں شامل دو ملزمان مظہر اور عباس کمبوڈیا میں مقیم تھے۔
رانا شواز احمد کے مطابق پاکستان میں مقیم چار ملزمان نوجوانوں کو جال میں پھنساتے تھے، ملزمان سوشل میڈیا پر کمبوڈیا میں کالنگ سینٹر پر جاب کا اشتہار دیتے تھے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے بتایا کہ اشتہار دیکھ کر سادہ لوح نوجوان ملزمان سے رابطہ کرتے تھے، ملزمان پڑھے لکھے اور کمپیوٹر سکلز جاننے والے لوگوں کو ٹارگٹ کرتے تھے۔
رانا شواز احمد کے مطابق ملزمان پاکستان میں ویزہ کے بہانے پیسے لے کر نوجوانوں کو کمبوڈیا بھجواتے تھے، کمبوڈیا میں مظہر اور عباس انہیں ریسیو کرتے تھے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق نوجوانوں کو کمبوڈیا میں سکیم کرنے والے غیر ملکیوں کو فروخت کر دیا جاتا تھا، مظہر اور عباس فی کس دو ہزار ڈالر تک رقم وصول کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو قیدی بنا کر آن لائن سکیمنگ کا کام کروایا جاتا تھا، کام سے انکار کرنے والوں پر تشدد بھی کیا جاتا تھا۔
رانا شواز احمد کے مطابق آن لائن سکیمنگ میں بھارت اور امریکہ کے شہریوں کو ٹارگٹ کیا جاتا تھا، گروہ اب تک ایک سو سے زائد پاکستانیوں کو کمبوڈیا لے جا چکا ہے۔