بشیر مرزا نے ناظم تعلقات عامہ آزاد کشمیر کا چارج سنبھال لیا
مظفر آباد: (دنیا نیوز) محکمہ تعلقات عامہ آزاد کشمیر کے انتہائی سینئر آفیسر محمد بشیر مرزا نے حکومتی نوٹیفکیشن کے تحت بطور سربراہ محکمہ چارج سنبھال لیا۔ قبل ازیں وہ بطور ڈائریکٹر سوشل، ڈیجیٹل میڈیا و پکٹوریل پبلسٹی فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
انہوں نے ریٹائر ہونے والے ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس سے چارج لیا، چارج سنبھالنے کی باقاعدہ تقریب نظامت تعلقات عامہ میں منعقد ہوئی جس میں محکمہ تعلقات عامہ سے سینئر موسٹ آفیسر محمد بشیر مرزا نے ناظم تعلقات عامہ کا باقاعدہ چارج سنبھال کر کام شروع کر دیا۔
محمد بشیر مرزا گزشتہ 36 سالوں سے محکمہ میں بطور آفیسر اطلاعات، اسسٹنٹ ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
بعد ازاں نظامت اعلیٰ تعلقات عامہ کے افسران اور سٹاف سے گفتگو کرتے ہوئے محمد بشیر مرزا نے کہا کہ اسوقت میڈیا کی جہتیں یکسر تبدیل ہو چکی ہیں، ہمیں جدید میڈیا کے ٹولز کو اپنا کر آگے بڑھنا ہوگا، اس کیلئے محکمہ کے افسران اور سٹاف کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہوگی کے اپنے دور میں محکمہ کی بہتری کیلئے کام کروں، افسران اور سٹاف محنت اور لگن سے حکومت کی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں، محکمہ کے وسائل میں اضافے کیلئے اقدامات کریں گے۔
محمد بشیر مرزا نے کہا کہ وزیراطلاعات اور سیکرٹری اطلاعات کی رہنمائی میں محکمہ کو جدید خطوط پر استوار کریں گے، میں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ محکمہ اطلاعات کو دیا ہے اب اپنے کیریئر کے اس حصہ میں جب میں نے بطور سربراہ محکمہ چارج سنبھالا ہے تو میری کوشش ہے کہ میں محکمہ کی بہتری کیلئے کچھ کر سکوں۔
ناظم تعلقات عامہ کا مزید کہنا تھا کہ میری کوشش ہوگی کہ محکمہ کی بہتری اور ترقی کیلئے کام کروں اور محکمہ اطلاعات کو ایک جدید ادارہ بنا کر جاؤں، تمام افسران اور سٹاف پر مشتمل میرے پاس ایک بہترین پروفیشنلز کی ٹیم موجود ہے جس کے ساتھ مل کر ہم اس محکمہ کو آگے لے کر جائیں گے۔