پنجاب بھر سے غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل تیز
لاہور: (دنیا نیوز) موجودہ سرحدی سکیورٹی صورت حال کے باعث پنجاب بھر سے غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل تیز کر دیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب پولیس اب تک لاہور سمیت پنجاب بھر سے 32 ہزار 588 افغانیوں سمیت غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کو ڈی پورٹ کر چکی، جبکہ 90 غیر قانونی مقیم افراد ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں، ڈی پورٹ ہونے والوں میں 12 ہزار 273 مرد، 6661 خواتین، 13 ہزار 654 بچے شامل ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ڈی پورٹ ہونے والوں میں رہائشی ثبوت رکھنے والے 10419، افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے 11098، غیر قانونی مقیم 11071 غیر ملکی شامل ہیں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، تمام غیر قانونی مقیم افراد کا انخلا یقینی بنایا جائے، پنجاب پولیس بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی مقیم باشندوں کے انخلا کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔