5 جولائی کو آئین، پارلیمان اور عوامی مینڈیٹ کو نقصان پہنچایا گیا: شیریں رحمان
کراچی: (دنیا نیوز) سینیٹر شیریں رحمان نے کہا ہے کہ 5 جولائی ملکی تاریخ کا ایسا المناک باب ہے جس نے آئین، پارلیمان اور عوامی مینڈیٹ کو شدید نقصان پہنچایا۔
نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے 5 جولائی 1977 کے یومِ سیاہ پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ قائدِ عوام کی منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر عوامی اختیار اور آئینی نظام پر کاری ضرب لگائی گئی۔
شیری رحمان نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف کیا گیا غیر آئینی اقدام دراصل عوام کے حقِ رائے دہی اور جمہوری مستقبل پر حملہ تھا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو ہر مشکل حالات میں ثابت قدمی سے آگے بڑھایا اور اسی روایت کے تحت شہید بینظیر بھٹو نے پوری زندگی جدوجہد کی، جیلیں کاٹیں اور ایک کے بعد ایک آمر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام کے جمہوری وژن اور عوامی سیاست کو دبانے کی ہر کوشش ناکام ہوئی، ان کے نظریات آج بھی عوام کی رہنمائی کر رہے ہیں، جمہوریت کی بحالی کے لیے کارکنوں نے قید، تشدد اور سختیاں برداشت کیں مگر قائدِ عوام کے نظریے سے کبھی دستبردار نہیں ہوئے۔
شیری رحمان نے کہا کہ 5 جولائی ملکی تاریخ کا ایسا المناک باب ہے جس نے آئین، پارلیمان اور عوامی مینڈیٹ کو شدید نقصان پہنچایا، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور جمہوریت کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ آئین کے احترام کو یقینی بنانا ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ قوم کو ماضی کی غیر آئینی مداخلتوں سے سبق سیکھ کر جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی فیصلے کا ہر قیمت پر تحفظ کرنا ہوگا۔