ایرانی رہبر اعلیٰ شہید علی خامنہ ای کی نماز جنازہ تہران میں ادا، لاکھوں سوگواروں کی شرکت

تہران: (دنیا نیوز) شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نماز جنازہ تہران کی گرینڈ مصطیٰ کمپلکیس میں ادا کر دی گئی۔

نماز جنازہ میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان، سپیکر باقر قالیباف سمیت اعلیٰ حکومتی عہدیدار شریک ہوئے، نماز جنازہ میں 100 ملکوں کے وفود سمیت لاکھوں افراد نے شرکت کی، تہران میں فضا سوگوار، ہر آنکھ اشکبار ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق آیت اللہ جعفر سبحانی نے شہید ایرانی سپریم لیڈر کی نماز جنازہ پڑھائی۔

گرینڈ مصلیٰ کے بڑے صحن میں جمع ہزاروں لوگوں نے ہاتھوں میں سرخ جھنڈے اٹھا رکھے ہیں، جنہیں ایران میں خون کا بدلہ اور انتقام لینے کی علامت سمجھا جاتا ہے، وہاں موجود لوگ مسلسل ’امریکا مردہ باد‘ اور ’انتقام، انتقام‘ کے نعرے لگا رہے ہیں، جس سے پوری فضا گونج رہی ہے۔

آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ان کے ساتھ شہید ہونے والے ان کے اہل خانہ کی میتیں تہران میں عوامی دیدار کیلئے رکھی گئیں ہیں۔

پیر کو صبح جنازے کا مرکزی جلوس نکالا جائے گا، اس کے بعد میت کو قم منتقل کیا جائے گا جہاں سے جسد خاکی کو عراقی شہر نجف اور کربلا لے جایا جائے گا، 9 جولائی کو شہید سپریم لیڈر کی ان کے آبائی شہر مشہد میں تدفین کی جائے گی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق علی خامنہ ای اور ان کے اہل خانہ کی نماز جنازہ قم میں ناصر مکارم شیرازی اور مشہد میں حسین نوری ہمدانی پڑھائیں گے۔

یاد رہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای 28 فروری کو ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں میں شہید ہوئے تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں