آئی سی سی کا مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کا شیڈول برقرار رکھنے کا اعلان

دبئی: (دنیا نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تصدیق کی ہے کہ مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوگا اور بنگلہ دیش کے میچ بھارت میں ہی کھیلے جائیں گے۔

آئی سی سی کے مطابق یہ فیصلہ 21 جنوری کو بورڈ کے اجلاس کے بعد لیا گیا، جس میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی درخواست زیر غور آئی کہ اس کے میچ سری لنکا منتقل کیے جائیں۔

ترجمان آئی سی سی کا کہنا ہے تمام سکیورٹی جائزوں اور آزاد تحقیقات سے یہ واضح ہوا کہ بنگلہ دیشی کھلاڑیوں، میڈیا، آفیشلز اور شائقین کے لیے کسی بھی مقام پر کوئی خطرہ نہیں ہے، مزید برآں، ٹورنامنٹ کے آغاز کے قریب شیڈول میں تبدیلی ممکن نہیں اور بغیر کسی قابلِ بھروسہ خطرے کے تبدیلی سے مستقبل کے آئی سی سی ایونٹس کی غیر جانبداری متاثر ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ نے بی سی بی کے ساتھ مسلسل اور تعمیری مذاکرات کیے، جس میں ایونٹ سیکیورٹی پلان اور مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کی تفصیلات فراہم کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی نے بنگلادیش کی بھارت نہ جانے کی درخواست مسترد کردی

ترجمان آئی سی سی نے کہا کہ بی سی بی نے ایک کھلاڑی کے ڈومیسٹک لیگ میں شامل ہونے کے ایک الگ واقعے کو وجہ بنا کر شیڈول کی تبدیلی کی درخواست کی، جس کا ٹورنامنٹ سیکیورٹی فریم ورک سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری شیڈولنگ اور وینیو کے فیصلے میزبان کی ضمانتوں اور تمام 20 ممالک کے لیے یکساں شرائط کی بنیاد پر کیے گئے ہیں، کسی بھی قابلِ تصدیق سیکیورٹی خطرے کے بغیر میچز کی منتقلی نہ صرف لاجسٹک اور شیڈولنگ کے مسائل پیدا کرے گی بلکہ ICC کی غیر جانبداری کو متاثر کرسکتی ہے۔

آئی سی سی نے یقین دہانی کرائی کہ وہ عالمی کرکٹ کے مفاد میں اچھے ایمان کے ساتھ مستقل معیار برقرار رکھے گا اور ٹورنامنٹ کی شفافیت اور یکسانیت کو یقینی بنائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو کہا گیا ہے کہ حکومت کو بتادیں اگر ٹیم بھارت نہیں بھیجیں گے تو بنگلہ دیش کی جگہ نئی ٹیم شامل کی جائے گی، آئی سی سی نے بھارت میں کھیلنے سے متعلق سوچنےکے لیے بنگلہ دیش بورڈ کو مزید ایک روز کا وقت دیا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں