بھارت نہ جانے کا معاملہ: بنگلادیش نے آئی سی سی کو ایک اور خط لکھ دیا
ڈھاکا: (دنیا نیوز) ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت نہ جانے کے معاملے پر بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کو ایک اور خط لکھ دیا۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے حکام نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت نہ جانے کےمعاملے پر کھلاڑیوں سے ملاقات کرتے ہوئے اُن کا موقف معلوم کیا تھا جس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وزیر کھیل آصف نذرل نے ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کے فیصلے پر قائم رہنے سے آگاہ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق اس فیصلے کی روشنی میں بی سی بی نے آئی سی سی کو دوبارہ خط لکھتے ہوئے رابطہ کیا ہے اور بنگلا دیش کے میچز بھارت سے منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔
ذرائع کے مطابق بی سی بی نے کیس کو آئی سی سی انڈی پینڈنٹ ڈسپیچ ریزولوشن کمیٹی کو بھجوانے کا کہا ہے ۔
یاد رہے کہ بھارت میں سکیورٹی خدشات اور فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو انڈین پریمیئر لیگ سے باہر کرنے کے بعد بنگلا دیش نے اپنی ٹیم بھارت بھیجنے سے انکار کر دیاتھا ۔
آئی سی سی نے ایک روز پہلے بنگلا دیش کی جگہ کسی نئی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔