ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان کے بھارت کیساتھ میچ سے انکار پر آئی سی سی کا ردِ عمل آگیا
دبئی: (دنیا نیوز) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا ردِ عمل سامنے آگیا۔
آئی سی سی کی جانب سے ویب سائٹ پر بیان جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا کہ آئی سی سی پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے باضابطہ فیصلے سے آگاہ کرنے کا منتظر ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ایونٹ کے مخصوص میچز میں شرکت کرے گا، اس پوزیشن کو عالمی کھیلوں کے ایونٹ کی بنیاد کے ساتھ ہم آہنگ کرنا مشکل ہے، جہاں تمام ٹیموں سے ایونٹ کے شیڈول کے مطابق مساوی شرائط پر مقابلہ کرنے کی توقع کی جاتی ہے۔
آئی سی سی نے کہا کہ ٹورنامنٹس کھیلوں کی سالمیت، مسابقت، مستقل مزاجی اور انصاف پر مبنی ہوتے ہیں اور مخصوص میچز میں شرکت مقابلوں کی افادیت کو مجروح کرتا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ وہ قومی پالیسی کے معاملات میں حکومتوں کے کردار کا احترام کرتی ہے، آئی سی سی نے یہ بھی کہا کہ فیصلہ پاکستان کے کروڑوں شائقین سمیت دنیا بھر کے فینز کے مفاد میں نہیں، یہ فیصلہ بین الاقوامی کرکٹ کے نظام کو متاثر کرسکتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ آئی سی سی کی ترجیح مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا کامیاب انعقاد ہے، جس کی ذمے داری پی سی بی سمیت اس کے تمام ممبران کی بھی ہونی چاہیے، آئی سی سی نے امید کا اظہار کیا کہ پاکستان ایسے تصفیحے کی تلاش کرے گا، جو باہمی طور تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کا تحفظ کرے۔