اسلحہ سمگلنگ کا الزام: وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر بابل خان بھیو عہدے سے مستعفی

کراچی: (دنیا نیوز) جیکب آباد سے اسلحہ ملنے کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر بابل خان بھیو عہدے سے مستفی ہوگئے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر بابل خان بھیو نے کہا کہ کل جیکب آباد کی حدود میں جو غیر قانونی اسلحہ پکڑا گیا اُس پر غیر ضروری سیاست کی گئی، غیر قانونی اسلحہ کی نقل حمل کا مجھ پر الزام لگا کر میری ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

بابل خان بھیو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کارکن اور وزیراعلیٰ کا مشیر ہونے کے ناطے میں اس الزام کی سختی سے تردید کرتا ہوں، میرا اس واقعہ سے کسی قسم کا نہ تو کوئی تعلق ہے اور نہ ہی واسطہ ہے، میں حکومت سندھ سے درخواست کرتا ہوں کہ اس واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صاف اور شفا ف انکوائری کرانے کے لئے میں وزیراعلیٰ کے مشیر کے عہدے سے مستعفی ہوتا ہوں، میں وزیراعلیٰ سے درخواست کرتا ہوں کہ میرا استعفیٰ فوری منظور کرکے انکوائری شروع کی جائے، مستعفی ہونے کا مقصد صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کرانا ہے۔

بابل خان بھیو نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ سندھ کو درخواست کرتا ہوں کہ انکوائری کی رپورٹ پبلک کی جائے، گرفتار ملزم عادی جرائم پیشہ اور پہلے بھی پولیس مقابلہ، ڈکیتی اور روبری کے مقدمات میں جیل جا چکا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں