وفاداریاں بدل کر پی ٹی آئی میں جانے والے کیا عوام کی نمائندگی کر سکیں گے؟ احسن اقبال

نارووال: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا کہ نوازشریف کا دم بھرنے والے ٹکٹ نہ ملنے پر پی ٹی آئی میں چلے گئے، کیا وفاداریاں بدل کر پی ٹی آئی میں جانے والے عوام کی نمائندگی کرسکیں گے؟

وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے پی پی 54 ظفروال میں الیکشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے تحصیل پی پی 54 سے حلقہ کے افراد نے کامیاب کرکے امن، تعلیم، ترقی کے منشور کو کامیاب کیا تھا۔

احسن اقبال نے کہا کہ نارووال کے عوام نے گزشتہ 6 الیکشن میں مجھے کامیاب کیا، یہی پیغام 8 فروری 2024ء کو ظفروال کے عوام کے سامنے پیش کیا، اس دھرتی کے عوام گزشتہ ستر سال سے ان پیشہ ورانہ افراد کے غلام بنے ہوئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان سیاستدانوں نے ماسوائے اپنی سیاست چمکانے کے کوئی کام نہیں کیا، پی ٹی آئی کے نظریاتی ووٹر کو مخاطب کرنا چاہتا ہوں کیا آپ کی سیاست کا محور ایسے سیاستدان ہیں جو 7 بار اپنی وفاداریاں تبدیل کر چکے ہوں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جب ن لیگ سے ٹکٹ نہیں ملی تو واپس پی ٹی آئی میں چھلانگ مار کر چلے گئے ہیں، کل 21 اپریل کو تحصیل ظفروال کے عوام احمد اقبال کی صورت میں امن، تعلیم، ترقی کے منشور کو کامیاب کریں گے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں